.

.
تازہ ترین
کام جاری ہے...

ایچ ٹی سی نے ایکشن کیمرہ RE متعارف کروا دیا

اتوار, اکتوبر 12, 2014


ایچ ٹی سی نے ایکشن کیمرہ RE  متعارف کروا دیا
یہ کیمرہ نومبر میں امریکہ اور اسکے بعد جلد ہی انٹرنیشنل مارکیٹس میں دستیاب ہوگا۔ ابتدائی طور پر اسکی قیمت کم و بیش 200 ڈالر مقرر کی گئی ہے اور یہ تین رنگوں میں دستیاب ہوگا۔


اسمارٹ  فونز بنانے کے حوالے سے شہرت رکھنے والی کمپنی HTC نے حال ہی میں ایک ایکشن کیمرہ متعارف کروایا ہے۔ یہ کیمرہ دیکھنے میں آبدوز میں لگی پیریسکوپ جیسا ہے تاہم اسے پکڑنا کافی آسان ہے اور آپ روایتی کیمرہ یا سمارٹ فون کے مقابلے میں محض چند سیکنڈوں میں تصویر یا ویڈیو بنانے کے قابل ہوجاتے ہیں۔
اس کیمرہ کو RE کا نام دیا گیا ہے، ایچ ٹی سی کے مطابق اسکی تخلیق کے پیچھے یہ نظریہ کارفرما ہے کہ تصویر لینے والے افراد اس منظر سے خود بھی لطف اندوز ہوسکیں اور اسے اپنے کیمرہ میں بھی محفوظ کرلیں۔ روایتی کیمروں اور سمارٹ فونز کے استعمال کے دوران آپ کی توجہ صرف سکرین پر مرکوز رہتی ہے اور آپ جس منظر کو فلم بند کررہے ہوتے ہیں اسے انجوائے نہیں کرسکتے۔


کیمرہ کا ڈیزائن انتہائی دیدہ زیب ہے اور اچھی کوالٹی کے پلاسٹک کی بدولت ہاتھ سے گرکر ٹوٹنے کا خدشہ بھی کم ہے اور تو اور آپ اسے پانی میں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ کمپنی دعوی کے مطابق  1 میٹر گہرائی تک اسے تیس منٹ بلاخوف و خطر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کیمرہ میں کسی قسم کی سکرین یا ویو فائینڈر موجود نہیں، لہذا آپ کو اندازے سے ہی تصاویر اتارنی ہونگی، تاہم آپ اسے اپنے موبائل فون کی سکرین کےساتھ بھی جوڑ سکتے ہیں۔ کیمرہ استعمال کرنے کے لیے اسکی پشت پر ایک بٹن موجود ہے جسے ایک بار دبانے پر فوٹو اترتی ہے اور تھوڑی دیر دبائے رکھنے سے ویڈیو ریکارڈنگ شروع ہوجاتی ہے۔ سامنے کی جانب کیمرہ لینز کے عین نیچے موجود بٹن دبانے سے سلو موشن ویڈیو بنتی ہے۔
کیمرہ میں مختلف ایل ای ڈی لائٹس اور ساؤنڈ بیپس کا استعمال کیا گیا ہے، جسکی وجہ سے آپ کو پتہ چل جاتا ہے کہ اب ویڈیو بن رہی ہے یا تصویر اتاری گئی ہے۔ تاہم اگر آپ چاہتے ہیں کہ ان آوازوں کو بند کر دیا جائے تو ایسا بھی ممکن ہے۔
آر ای کیمرہ میں 16 میگا سی موس سنسر نصب ہے، جو فل ہائی ڈیفینیشن 1080p ویڈیوز بنانے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔ اسکا وائیڈ اینگل لینز 146 ڈگری زاویہ کی تصویر محفوظ کرسکتا ہے۔ اس کیمرہ میں 128 گیگا بائیٹ کا میموری کارڈ استعمال کیا جاسکتا ہے اور تصاویر کو موبائل فون پر بذریعہ بلیوٹوتھ یا پھر یوایس بی کیبل کے ذریعے کمپیوٹر پر منتقل کیا جاسکتا ہے۔ کیمرہ میں موجود 820 ملی ایمپیئر آور بیٹری 100 منٹ ویڈیو ریکارڈنگ یا پھر 1200 تصاویر اتارنے کے لیے کافی ہے۔

یہ کیمرہ نومبر میں امریکہ اور اسکے بعد جلد ہی انٹرنیشنل مارکیٹس میں دستیاب ہوگا۔ ابتدائی طور پر اسکی قیمت کم و بیش 200 ڈالر مقرر کی گئی ہے اور یہ تین رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
آپ کے خیال میں کیمرہ کا یہ آئیڈیا کیسا ہے؟ یقیناً سمارٹ فون اور بھاری بھرکم روایتی کیمروں کی نسبت اسکا استعمال تو آسان ہے لیکن کیا یہ اچھی کوالٹی کی ویڈیو اور تصاویر بنا سکتا ہے؟
بہ شکریہ آئی  ٹی نامہ 

ایک تبصرہ:

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔